بنگلورو،15؍جون(ایس او نیوز)بنگلورو شہر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے پیر سے جہاں اَن لاک کا عمل شرو ع کردیا وہیں کرناٹک کے دیگر اضلاع اوردیگر ریاستوں سے بنگلورو سے لاک ڈاؤن کی شروعات کے مرحلہ میں نکل جانے والے مزدوروں کی واپسی کا سلسلہ بھی تیزی اختیار کر رہی ہے اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے برہت بنگلورو مہا نگرپالیکے کے چیف کمشنر گورو گپتا نے کہا ہے کہ شہر واپس آنے والوں کا کووڈ ٹسٹ لینے کا سلسلہ شروع کیا جائے اور جو لوگ پازیٹیو ہو رہے ہیں وہاں مائیکرو کنٹین منٹ کرنے کی تیاری کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بی بی ایم پی کی حدود میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں سماجی فاصلہ کی پابندی کے ساتھ لاک ڈاؤن کو موثر بنانے میں لوگوں نے بھرپور تعاون کیا ہے۔ اب اگر شہر میں بیرون مقامات سے لوگوں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوا اور ایک بار پھر بنگلورو میں وباء کی لہر شدت اختیار کر جائے تو حالات قابوسے باہر ہوسکتے ہیں اس لئے ایسی صورتحال پیدا نہ ہونے پائے اس کا خاص خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بی بی ایم پی کاعملہ شہر میں پے ینگ گیسٹ، تعمیراتی مزدوروں کی کالونیوں اور کارخانوں کا دورہ کرے گا اور ہاں جو لوگ بیرون مقامات سے آئے ہیں ان کی نشاندہی کر کے ان کا کووڈ ٹسٹ لے گا۔اس کے علاوہ مختلف محلوں اور اپارٹمنٹوں کے رسیڈنٹس ویلفیر اسوسی ایشنوں کو بھی بتایا گیا ہے کہ وہ بنگلورو لوٹنے والے افراد کا کووڈ ٹسٹ کروائیں۔
گورو گپتا نے کہا کہ اس طرح کے ٹسٹ اس لئے کروائے جا رہے ہیں کہ باہر سے آنے والوں کی نشاندہی کر کے ان کو اگر پازیٹیو ہیں تو فوری طبی امداد فراہم کی جائے اور ان کے آس پاس رہنے والے افراد کی بھی حفاظت کی جا سکے انہوں نے بتایا ہ بنگلورو میں 18تا44سال کے 40,39774 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ویکسین کا دوسرا ڈوز لینا ہے ان کو کال کر کے اس کے بارے میں انہیں آگاہ کروانے اور جلد از جلد انہیں ویکسین کا دوسرا ڈوز مہیا کروانے کی تیاری شروع ہو چکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بی بی ایم پی کی حدود میں کورونا کی تیسری لہر سے زیادہ نقصان نہ ہو اس کے لئے ہر ممکن احتیاط برتی جا رہی ہے۔ عوامی مقامات پر زیادہ سے زیادہ ویکسین کیمپ لگوانے کا نظم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لاک کے اثر سے اگر بچنا ہے تو آنے والے دنوں میں زیادہ بھیڑ بھاڑوالے مقامات کا رخ نہیں کرنا چاہئے، ویکسین لینے کے بعد بھی ماسک اور سماجی فاصلہ کا خیال رکھنا ہو گا۔